ریئلٹی شو ماسٹر شیف میکسیکو کی سابق امیدوار اور مشہور ٹک ٹاکر انفلوئنسر یانن کامپوس کار حادثے میں ہلاک ہوگئیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ہفتہ کی صبح میکسیکو کے شہر چہواہوا کی فرانسیسکو آر المیڈا ہائی وے پر پیش آیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق 38 سالہ کامپوس اپنی سیاہ لگژری گاڑی میں سفر کررہی تھیں کہ اچانک انہوں نے گاڑی پر کنٹرول کھو دیا اور ایک کھڑی گاڑی سے ٹکرا گئی، جس کے بعد ان کی گاڑی بری طرح تباہ ہو گئی۔
ریسکیو اہلکاروں نے خاتون انفلوئنسر کو تشویشناک حالت میں اسپیتال منتقل کیا، جہاں وہ انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج رہنے کے بعد پیر کے روز چل بسیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یانن کامپوس نے 2018 میں ماسٹر شیف میکسیکو میں شرکت کی تھی اور چھٹے نمبر پر رہیں، جس سے انہیں قومی سطح پر پہچان ملی۔
2019 میں وہ دوبارہ ماسٹر شیف پروگرام میں نظر آئیں، جہاں انہوں نے اپنے کھانوں کے ہنر سے ناظرین کو متاثر کیا۔
شو کے بعد یانن نے ٹک ٹاک پر اپنا لائف اسٹائل اور ریسیپی مواد شیئر کرنا شروع کیا اور تقریباً 1 لاکھ فالوورز کا اعتماد حاصل کیا، ان کی موت پر ان کے مداح بھی کافی افسردہ ہیں۔