ایک حالیہ سائنسی تحقیق سے انکشاف ہوا ہے کہ روزانہ طویل اور تیز چہل قدمی ہائی بلڈ پریشر سے منسلک دل کے امراض کے خطرات میں نمایاں کمی لا سکتی ہے۔
یہ تحقیق یورپین جرنل آف پریوینٹیو کارڈیالوجی میں شائع ہوئی، جس کے مطابق اگر روزانہ قدموں کی تعداد میں ہر ایک ہزار کا اضافہ کیا جائے تو دل کے دورے، فالج اور دل کی کمزوری جیسے خطرات میں 17 فیصد تک کمی واقع ہوتی ہے۔
تحقیق میں برطانیہ کے بایو بینک ڈیٹا سے 32 ہزار سے زائد ایسے افراد کو شامل کیا گیا جن کا بلڈ پریشر زیادہ تھا، ان افراد نے ایک ہفتے تک کلائی پر پہننے والا ایک آلہ استعمال کیا جس سے ان کے روزانہ کے قدموں اور چہل قدمی کی رفتار کا اندازہ لگایا گیا۔
روزانہ ایک ہزار اضافی قدموں پر دل کے امراض کا خطرہ 17 فیصد، دل کی کمزوری کا خطرہ 22 فیصد، دل کے دورے کا خطرہ 9 فیصد اور فالج کا خطرہ 24 فیصد کم ہوجاتا ہے۔
سائنس دانوں نے دریافت کیا کہ جن افراد نے روزانہ کم از کم آدھے گھنٹے کی تیز چہل قدمی کی (تقریباً 80 قدم فی منٹ) ان میں دل کی بیماریوں کا خطرہ مزید کم پایا گیا۔