• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صرف 7 ہزار قدم روزانہ چلنا آپ کی جان بچا سکتا ہے: تحقیق میں انکشاف

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

 اگر آپ روزانہ 10 ہزار قدم چلنے کا ہدف پورا نہیں کر پاتے تو پریشان نہ ہوں، ایک نئی عالمی تحقیق کے مطابق روزانہ صرف 7 ہزار قدم چلنا بھی آپ کی صحت پر گہرے اور مثبت اثرات ڈال سکتا ہے اور یہ قبل از وقت موت، دل کی بیماری، ڈیمنشیا، ذیابیطس اور ڈپریشن جیسے امراض کے خطرے کو نمایاں حد تک کم کر سکتا ہے۔

یہ تحقیق آسٹریلیا کی یونیورسٹی آف سڈنی میں پروفیسر میلوڈی ڈِنگ کی سربراہی میں کی گئی اور عالمی طبی جریدے دی لینسٹ پبلک ہیلتھ میں شائع ہوئی۔

تحقیق میں 10 ممالک سے ایک لاکھ 60 ہزار بالغ افراد کے ڈیٹا کو شامل کیا گیا اور یہ اب تک کی سب سے بڑی سائنسی تحقیق سمجھی جا رہی ہے جو روز مرہ قدموں کی تعداد اور صحت کے درمیان تعلق کو واضح کرتی ہے۔

تحقیق میں پایا گیا کہ روزانہ 7 ہزار قدم چلنے والے افراد میں جلد موت کا خطرہ 47 فیصد، دل کی بیماری کا خطرہ 25 فیصد، ڈیمنشیا کا خطرہ 38 فیصد، ڈپریشن کا خطرہ 22 فیصد، ٹائپ 2 ذیابیطس کا خطرہ 14 فیصد، حادثاتی طور پر گرنے کا خطرہ 28 فیصد اور کینسر کا خطرہ 6 فیصد کم ہوجاتا ہے۔

اکثر یہ کہا جاتا ہے کہ 10 ہزار قدم چلنا ضروری ہے، مگر محققین کے مطابق یہ ہدف 1960ء کی دہائی میں جاپان میں ایک پیڈومیٹر کی مارکیٹنگ مہم سے مشہور ہوا، نہ کہ سائنسی بنیاد پر۔

شریک محقق ڈاکٹر کیتھرین اووین کہتی ہیں کہ جو لوگ پہلے ہی سرگرم ہیں، ان کے لیے 10 ہزار قدم بہتر ہو سکتے ہیں، لیکن عام افراد کے لیے 7 ہزار قدم بھی بڑی حد تک فائدہ مند ہیں۔

تحقیق میں یہ بھی پایا گیا کہ صرف 2 ہزار قدم چلنے والے افراد اگر اسے 4 ہزار یا 5 ہزار تک بڑھائیں تو بھی خاطر خواہ بہتری دیکھنے کو ملتی ہے۔

ہر ایک ہزار اضافی قدم پر صحت کے خطرات میں کمی آتی ہے، نوجوان اور بوڑھے دونوں افراد کو فوائد حاصل ہوتے ہیں، تاہم بزرگ افراد 10 ہزار سے زائد قدم پر بھی فائدہ محسوس کر سکتے ہیں۔

نتائج کے مطابق سب سے مستقل فائدہ جلد موت کے خطرے میں کمی، دل کی بیماری اور ڈیمنشیا سے بچاؤ میں دیکھا گیا، کینسر یا جسمانی صلاحیت جیسے معاملات میں نتائج ابھی غیر یقینی ہیں، کیونکہ ڈیٹا محدود ہے۔

صحت سے مزید