• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں ’اسپرٹ آف پاکستان‘ کے تحت جشن آزادی کی ہفتہ بھر تقریبات کا آغاز

پاکستان کے ہائی کمشنر برائے برطانیہ ڈاکٹر محمد فیصل نے اپنی اہلیہ ڈاکٹر سارہ نعیم کے ہمراہ ایک شاندار تقریب میں ’اسپرٹ آف پاکستان‘ آزادی کی تقریبات کا افتتاح کردیا۔

یہ تقریبات پاکستان کے قونصل خانہ برمنگھم کی جانب سے 8 سے 15 اگست تک منعقد کی جارہی ہیں جن کا مقصد برطانوی پاکستانیوں کی برطانیہ کے سماجی و ثقافتی ڈھانچے میں شاندار خدمات کو اجاگر کرنا ہے۔

اس سال کا موضوع ’معرکۂ حق‘ کی کامیابی اور پاکستان کی بہادر مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرنے پر مبنی ہے۔

افتتاحی تقریب میں بیرونس شاہستہ گوہر OBE، ایم پی پالیٹ ہیملٹن، ایم پی طاہر علی، ایم پی ایوب خان، سابق ایم پی خالد محمود، لارڈ میئر آف برمنگھم ظفر اقبال MBE، چیئرمین اسپرٹ آف پاکستان کونسلر وسیم ظفر MBE، میئر آف ویسٹ مڈلینڈز رچرڈ پارکر، برمنگھم سٹی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈیوڈ مبا، کمیونٹی رہنما، سفارتکار، کاروباری شخصیات اور پاکستانی نژاد برطانوی کمیونٹی کے کثیر تعداد میں افراد شریک ہوئے۔

اپنے کلیدی خطاب میں ڈاکٹر محمد فیصل نے پاکستانی کمیونٹی میں اتحاد اور برطانوی معاشرے میں مزید انضمام کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ ’اسپرٹ آف پاکستان‘ منانے کا مقصد نا صرف ہماری بھرپور ثقافت کو پیش کرنا ہے بلکہ برطانیہ میں پاکستانیوں کی خدمات اور کامیابیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔

ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ برطانیہ میں پاکستانی کمیونٹی کی آبادی 17 لاکھ سے زائد ہے جو ملک کی دوسری سب سے بڑی نسلی اقلیت ہے اور کاروبار، سیاست، تعلیم اور عوامی خدمت سمیت ہر شعبے میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔

برطانوی ارکانِ پارلیمنٹ اور کمیونٹی رہنماؤں نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے برطانوی پاکستانیوں کے مثبت کردار کو سراہا۔

برطانیہ و یورپ سے مزید