اٹلی کے اورینٹیئرنگ ایتھلیٹ میتیا دیبرٹولس 29 سال کی عمر میں ورلڈ گیمز کے دوران جان کی بازی ہار گئے۔
منتظمین کے مطابق وہ چین میں ہونے والے اورینٹیئرنگ مقابلے کے مردوں کے مڈل ڈسٹنس ریس کے دوران بے ہوش ہو گئے تھے۔
انٹرنیشنل ورلڈ گیمز ایسوسی ایشن، مقامی آرگنائزنگ کمیٹی اور انٹرنیشنل اورینٹیئرنگ فیڈریشن کے مشترکہ بیان کے مطابق دیبرٹولس کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی گئی، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔
بیان میں اس سانحے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ایتھلیٹ کے اہل خانہ، دوستوں اور پوری اورینٹیئرنگ کمیونٹی سے تعزیت کی ہے، موت کی وجہ بیان میں ظاہر نہیں کی گئی۔
دیبرٹولس اٹلی کی اورینٹیئرنگ فیڈریشن (FISO) کی ٹیم کا حصہ تھے اور 2025ء ورلڈ گیمز میں حصہ لے رہے تھے، انہوں نے ورلڈ چیمپئن شپ اور ورلڈ کپ کے متعدد مقابلوں میں شرکت کی، 2022ء کے ورلڈ کپ فائنل ریلے میں اٹلی کو پانچویں پوزیشن دلوانا ان کی بین الاقوامی کامیابیوں میں سے ایک تھا۔
فیڈریشن کے مطابق پولینڈ میں جاری ماؤنٹین بائیک اورینٹیئرنگ ریسز کی ایوارڈ تقریب میں پرچم نصف سرنگوں کر کے دیبرٹولس کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔
اورینٹیئرنگ ایک ایسا کھیل ہے جس میں کھلاڑی نقشہ اور کمپاس کی مدد سے ناواقف اور انجانی زمین پر دوڑ لگاتے ہیں اور راستہ تلاش کرتے ہیں، جہاں وقت کے ساتھ ذہانت اور مہارت کا امتحان ہوتا ہے۔