اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والے الجزیرہ کے صحافی انس الشریف کے ننھے بیٹے کی والد کی رپورٹنگ کے مناظر دیکھنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
خیال رہے کہ 10 اگست کی رات اسرائیلی ٹارگٹڈ حملے میں صحافی انس الشریف 4 ساتھیوں سمیت شہید ہوگئے تھے، انہیں غزہ کے اسپتال کے مرکزی دروازے پر صحافیوں کے لیے لگائے گئے ایک خیمے میں نشانہ بنایا گیا تھا۔
انس الشریف کے 2 سالہ بیٹے صلاح کی فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے، جس میں اسے موبائل ہاتھ میں پکڑے اپنے شہید والد کی فیلڈ رپورٹنگ کرنے کی ویڈیو دیکھ رہا ہے، جس کے کیپشن میں لکھا گیا کہ صلاح کو اپنے والد کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کا موقع نہیں ملا، لیکن وہ ان کی آواز کو دل سے پہچانتا ہے اور اسے سنتے ہی متوجہ ہو جاتا ہے۔
یاد رہے کہ شہید انس الشریف نے اپنے آخری پیغام میں لکھا تھا کہ ’اگر یہ الفاظ آپ تک پہنچیں تو سمجھ لیں اسرائیل نے میری آواز خاموش کر دی ہے، میں نے زندگی بھر سچ اور اپنے لوگوں کی آواز بلند کی ہے۔‘
الجزیرہ کے صحافی کا اپنے پیغام میں مزید کہنا تھا کہ فلسطین اور اس کے معصوم بچوں کو امانت سمجھ کر ان کی آزادی کے لیے آواز بلند کرتے رہنا۔
انس الشریف نے اپنے آخری پیغام میں لکھا تھا کہ غزہ کو مت بھولنا اور مجھے دعا میں یاد رکھنا۔