• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت نے عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا ہے ، پشتونخوا میپ

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان نے کہا ہے کہ فارم 47 کی حکومت نے عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا ہے ، زر و زور کے ذریعے مسلط حکومت نے عوام پر روزگار ، کاروبار ، تجارت کے دروازے بند کردیئے ہیں جو نہ صرف عوام کے معاشی قتل بلکہ بدامنی کو فروغ دینے کے مترادف ہے ۔ یہ بات انہوں نےضلع کوئٹہ سریاب تحصیل کے مختلف تنظیمی اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہصوبائی دارالحکومت ہونے کے باوجود کوئٹہ کے شہری تعلیم ، صحت ، پینے کے صاف پانی ، بجلی ، گیس سے محروم ہیں ۔ اسٹریٹ کرائمز ، چوری ، ڈکیتی ، بدامنی ، لاقانونیت ، ٹارگٹ کلنگ ، اغواء برائے تاوان کے واقعات اور امن وامان کی ابتر صورتحال کے باعث شہری جان و مال کے سنگین مسئلے سے دوچار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکن تنظیمی فعالیت کو یقینی بنائیں اور ہر سطح پر یونٹس کے اجلاسوں کے بروقت انعقاد کو یقینی بنائیں ۔ اس موقع پر پارٹی کے ضلعی ، تحصیل ، علاقائی رہنماوں نے بھی خطاب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں انٹرنیٹ کی بندش نے نہ صرف تاجروں بلکہ طلباء سمیت ہر شعبہ زندگی کے صارفین کو شدید مشکلات سے دوچار کررکھا ہے ۔حکومت امن وامان کے قیام میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے ۔ ایسی حکومت جو دھاندلی اور زروزور کی بنیاد پر قائم ہو اس سے امن وامان قائم کرنے کی امید نہیں رکھی جاسکتی ۔
کوئٹہ سے مزید