کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بیوٹمز اسٹاف ایسوسی ایشن نے اپنے فیکلٹی ممبر، مطالعہ پاکستان کے لیکچرار اور پشاور یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی مکمل کرنے والے، محنتی و فرض شناس استاد ڈاکٹر عثمان قاضی اور ان کے بھائی کی 12 اگست کی شب اپنے گھر سے گمشدگی کے واقعے پر گہری تشویش اور شدید مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔بیوٹمز اسٹاف ایسوسی ایشن کے ایک بیان میں کہاگیاہےکہ آئین پاکستان ہر شہری کو آزادی، تحفظ اور شفاف عدالتی کارروائی کا حق دیتا ہے۔ اگر کسی شہری پر کوئی الزام ہے تو اُسے قانون کے مطابق معزز عدالت میں پیش کیا جانا چاہیے، نہ کہ اس طرح بے خبر اور لاپتہ کیا جائے۔ بیان میں بیوٹمز کی انتظامیہ اور وائس چانسلر سے پرزور مطالبہ کیاگیاہےکہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اس بابت حقائق معلوم کریں۔