فرانس نے پاکستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے ہنگامی اور طویل مدتی امداد اور ترقیاتی تعاون فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ تعاون پاکستانی سفیر ممتاز زہرہ بلوچ کی سفارت کاری کے نتیجے میں حاصل ہوا ہے۔
فرانس نے سیلاب کی صورتحال کے دوران پاکستان کو فوری طور پر 1 کروڑ امریکی ڈالرز دینے کا اعلان کیا ہے اور ساتھ ہی طویل مدتی امداد اور تکنیکی تعاون کا عزم بھی ظاہر کیا ہے۔
اس کے علاوہ صحت و حفاظتی اقدامات کرنے کے لیے فرانس نے یونیسیف کے ذریعے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 30 لاکھ یوروز (تقریباً 327 لاکھ امریکی ڈالرز) کی امداد فراہم کی جس سے تقریباً 19 لاکھ خواتین اور بچوں کو فائدہ پہنچا۔
پاکستان نے برقی گاڑیوں اور توانائی کے شعبے میں تعاون کے حوالے سے فرانس کے ’گرین فنڈ‘ سے فائدہ اٹھانے کی پیشکش کی جس پر فرانس نے برقی گاڑیوں کی تبدیلی اور توانائی اصلاحات میں تکنیکی و مالی تعاون پر غور کرنے کا وعدہ کیا۔
پاکستان اور فرانس نے ترقیاتی منصوبوں میں شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کا عہد کیا۔
فرانس نے توانائی، شہری ترقی، ماحولیاتی پائیداری، میونسپل سروسز اور ٹیکنالوجی کےشعبوں میں تعاون کا یقین دلایا۔
فرانس کی جانب سے جن منصوبوں میں تعاون کا یقین دلایا گیا ہے ان میں سے تقریباً 14منصوبوں پر ابھی کام جاری ہے اور کئی منصوبے ایسے ہیں جو کہ پائپ لائن میں ہیں اور اس عمل میں فرانسیسی ترقیاتی ایجنسی (AFD) کا کردار شامل ہے۔
علاوہ ازیں فرانس نے پاکستان کے 189.7 ملین امریکی ڈالرز کے قرضوں کی ادائیگی کو عارضی طور پر معطل کر دیا ہے جو G20 یا G7 کے قرض معطلی اقدام (Debt Service Suspension Initiative) کے تحت کیا گیا ہے۔