• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیمبرج ڈکشنری میں سوشل میڈیا الفاظ کی انٹری

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

دنیا کی معتبر انگریزی ڈکشنری ’کیمبرج‘ میں سوشل میڈیا پر استعمال ہونے والے سلینگ الفاظ نے اپنی جگہ بنالی۔

 کیمبرج ڈکشنری نے اعلان کیا ہے کہ اس نے 6 ہزار سے زائد نئے الفاظ اور اصطلاحات اپنی آن لائن ایڈیشن میں شامل کیے ہیں جس میں Gen Z اور Gen Alpha کے مقبول ترین الفاظ جیسے اسکبیڈی (Skibidi)، ڈیلو لو (Delulu) اور ٹریڈ وائف (Tradwife) بھی شامل ہیں۔

کیمبرج یونیورسٹی پریس کے مطابق ٹریڈ وائف (traditional wife) انسٹاگرام اور ٹک ٹاک پر سامنے آنے والے ایک بڑھتے ہوئے اور متنازع رجحان کی عکاسی کرتا ہے، جس کا مطلب خواتین کا روایتی گھریلو کردار کو قبول کرنا ہے۔

اسکبیڈی (Skibidi) جو یوٹیوب چینل اسکبیڈی ٹوائلٹ سے مقبول ہوا اور بعد ازاں بےمعنی مگر وائرل میمز میں استعمال ہوتا رہا، ڈکشنری میں ایسے لفظ کے طور پر شامل کیا گیا ہے جو کبھی cool تو کبھی bad کے معنی دیتا ہے یا پھر محض بےمقصد لفظ کے طور پر استعمال ہوتا ہے۔

ڈیلو لو (Delulu) دراصل لفظ delusional سے نکلا ہے اور اس کا مطلب ہے ایسی باتوں پر یقین کرنا جو حقیقت پر مبنی نہ ہوں، اکثر اس لیے کہ آپ خود کو دھوکہ دینا چاہتے ہیں، بطور مثال ڈکشنری نے 2025ء میں آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیس کے پارلیمنٹ میں کہے گئے جملے delulu with no solulu کو درج کیا ہے۔

کیمبرج ڈکشنری کے پروگرام مینیجر کولن میک انٹوش نے کہا کہ یہ ہر روز نہیں ہوتا کہ اسکبیڈی اور ڈیلو لو جیسے الفاظ ڈکشنری کا حصہ بن جائیں، ہم صرف وہی الفاظ شامل کرتے ہیں جس کے مستقبل میں رہنے کے امکانات ہوں، انٹرنیٹ کلچر نے انگریزی زبان کو بدل دیا اور اس تبدیلی کو محفوظ کرنا ہمارے لیے دلچسپ ہے۔

دیگر نئے اندراجات میں lewk (فیشن کے منفرد انداز کے لیے استعمال ہوتا ہے)، inspo (inspiration کا مختصر ہے)، mouse jiggler (ورک فرام ہوم کے دوران آن لائن اور سرگرم نظر آنے کے لیے ایک حربہ) اور forever chemical (ایسی کیمیائی اشیاء جو ماحول میں برسوں باقی رہتی ہیں اور انسانی صحت و ماحولیات پر سنگین اثر ڈالتی ہیں) شامل ہیں۔

خاص رپورٹ سے مزید