• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لندن: لیبر پارٹی مشکلات کا شکار ضرور، مگر ناک آؤٹ نہیں ہوئی، سرصادق خان

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

لندن کے میئر سر صادق خان نے کہا ہے کہ اگرچہ لیبر پارٹی کو حالیہ دنوں میں مشکلات اور عوامی تنقید کا سامنا ہے تاہم پارٹی اب بھی عوامی اعتماد بحال کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ 

ایڈنبرا فیسٹیول فِرنج میں خطاب کرتے ہوئے صادق خان نے لیبر پارٹی کی موجودہ صورتحال کو فٹبال کے ایک میچ سے تشبیہ دی اور کہا کہ ہم اس وقت 0-2 سے پیچھے ہیں، مگر کھیل ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے۔

صادق خان نے اعتراف کیا کہ جولائی 2024ء میں حکومت سنبھالنے کے بعد سے لیبر پارٹی کو خاص طور پر ویلفیئر اصلاحات کے حوالے سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔ یہ ماننا ضروری ہے کہ مشکلات موجود ہیں مگر کھیل ختم نہیں ہوا۔ ہمارے پاس حالات بدلنے کے لیے وقت بھی ہے اور صلاحیت بھی۔

انہوں نے کہا کہ 2010ء کے بعد پہلی بار اقتدار میں آنے والے لیبر کی کارکردگی میں کچھ مثبت پہلو بھی ہیں مگر پہلا سال ہماری مکمل صلاحیت کے مطابق نہیں گزرا۔ تاہم ہمارے پاس ابھی 4 سال ہیں جن میں ہم عوام کا اعتماد دوبارہ حاصل کر سکتے ہیں۔

اپنے خطاب میں سر صادق خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حالیہ تنقید کا بھی جواب دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کی زبان اور بیانات بعض اوقات انتہا پسندانہ خیالات کو بڑھاوا دے سکتے ہیں۔ 

انہوں نے مزید بتایا کہ جنوری میں ٹرمپ کے صدر بننے کے بعد سے امریکی شہریوں کی برطانوی شہریت کے لیے درخواستوں میں نمایاں اضافہ ہوا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکی عوام بھی لندن کی زندگی کو زیادہ محفوظ اور بہتر سمجھتے ہیں۔

اپنے خطاب کے آخر میں سر صادق خان نے لیبر پارٹی کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ لیبر نے ماضی میں بھی مشکل وقت کے بعد واپسی کی ہے اور مجھے یقین ہے کہ ہم دوبارہ ایسا کر سکتے ہیں۔

برطانیہ و یورپ سے مزید