• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسحاق ڈار کی برطانوی وفد سے ملاقات، وفد کی حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں پر اظہار تشویش

پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے برطانیہ میں لارڈ قربان حسین کی قیادت میں سابق ڈپٹی لیڈر لوٹن، کونسلر راجہ محمد اسلم خان اور برطانیہ کے مخلتف علاقوں سے متعدد کونسلرز پر مشتمل ایک وفد سے ملاقات کی۔

اس موقع پر برطانیہ میں مقیم پاکستانی کشمیری کمیونٹی کے مسائل اور مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تاریخی و ثقافتی رشتوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ برطانوی پارلیمان میں پاکستانی نژاد ارکان نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم اور مثبت کردار ادا کیا ہے۔ 

میرپور ایئرپورٹ کے حوالے سے سینیٹر اسحاق ڈار نے وفد کو آگاہ کیا کہ متعلقہ ادارے اس منصوبے کی تکمیل کے لیے درکار باضابطہ کارروائیاں حتمی مراحل میں ہیں۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کے لیے پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) فنانسنگ ماڈل اپنایا جا سکتا ہے اور اس ضمن میں برطانیہ میں مقیم کشمیری کمیونٹی کو سرمایہ کاری کے مواقع پر غور کرنا چاہیے۔ وفد نے اس تجویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ 

اجلاس میں وفد نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں اور بھارت کی جانب سے فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں آزاد کشمیر و پاکستان میں جانی و مالی نقصانات پر تشویش اظہار کیا اور عالمی برادری سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ 

اس موقع پر حریت رہنما یاسین ملک کی زندگی کو لاحق خطرات اور انہیں دی جانے والی ممکنہ سزائے موت پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔

وفد میں کونسلرز امجد علی، ظہور احمد، انوار ملک، ختیجہ ملک، زینب راجہ، لیاقت علی، امجد عباسی، ندیم خاور، ایم فیاض اور دیگر کونسلرز شامل تھے۔

برطانیہ و یورپ سے مزید