بھارتی سرکاری ملازم کو واٹس ایپ پر شادی کا جعلی دعوت نامہ کھولنا مہنگا پڑ گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایک سرکاری ملازم کو نامعلوم نمبر سے شادی کی دعوت موصول ہوئی۔
واٹس ایپ پر موصول ہونے والے میسج میں لکھا تھا ’خوش آمدید، شادی میں ضرور آئیے، محبت وہ چابی ہے جو خوشی کے دروازے کھولتی ہے،‘ اسی پیغام کے ساتھ ایک فائل منسلک تھی جو بظاہر پی ڈی ایف (PDF) فائل دکھائی دے رہی تھی۔
سرکاری ملازم کو موصول ہونے والی یہ پی ڈی ایف فائل دراصل اینڈرائیڈ ایپلیکیشن پیکج (APK) نکلی جو صارف کے فون میں انسٹال ہوتے ہی ہیکرز کو موبائل ڈیٹا تک رسائی فراہم کر دیتی ہے۔
متاثرہ ملازم نے جیسے ہی اس فائل پر کلک کیا سائبر جرائم پیشہ افراد نے اس کے بینک اکاؤنٹ سے 1 لاکھ 90 ہزار لوٹ لیے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے کیس سائبر سیل کے حوالے کر دیا ہے۔
دوسری جانب پولیس نے عوام کو خبردار کیا کہ نامعلوم ذرائع سے موصول ہونے والی کسی بھی فائل، خاص طور پر APK کو بالکل ڈاؤن لوڈ نہ کریں۔
واضح رہے کہ بھارت میں دن بہ دن بڑھتے سائبر جرائم کے پیشِ نظر گزشتہ سال ہماچل پردیش کی سائبر پولیس نے بھی اس حوالے سے سخت وارننگ جاری کی تھی۔