• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

واٹس ایپ پر شادی کا دعوت نامہ ملنے پر بھارتی شخص 2 لاکھ روپے سے محروم

واٹس ایپ پر شادی کا دعوت نامہ موصول ہونے پر بھارتی شہری 2 لاکھ روپے سے محروم ہو گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق متاثرہ شخص کو واٹس ایپ پر ایک پیغام ملا جس میں اسے شادی میں مدعو کیا گیا تھا، بظاہر بے ضرر اس دعوت نامے کو کھولنا ایک مہنگی غلطی ثابت ہوا۔

مہاراشٹر کے ضلع ہنگولی کا سرکاری ملازم مبینہ طور پر واٹس ایپ پر ایک جعلی ڈیجیٹل شادی کے دعوت نامے کے ذریعے کیے گئے سائبر فراڈ کا شکار ہو کر تقریباً 2 لاکھ روپے گنوا بیٹھا۔

بھارتی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق متاثرہ شخص کو واٹس ایپ پر ایک نامعلوم نمبر سے ایک پیغام موصول ہوا جس میں اسے 30 اگست کو ہونے والی شادی میں مدعو کیا گیا تھا، بظاہر بے ضرر اس دعوت نامے کو کھولنا اسے مہنگا ثابت ہوا۔

پیغام میں لکھا تھا: خوش آمدید، 30 اگست 2025ء کو شادی میں ضرور آئیں، محبت وہ ماسٹر چابی ہے جو خوشی کے دروازے کھولتی ہے۔

متن کے نیچے جو چیز نظر آ رہی تھی وہ ایک پی ڈی ایف فائل کی طرح تھی، لیکن حقیقت میں یہ ایک اینڈرائیڈ ایپلی کیشن پیکیج یعنی اے پی کے فائل تھی جسے متاثرہ شخص کے فون کو ہیک کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا۔

متاثرہ شخص نے اس چھپی ہوئی فائل پر کلک کر دیا، جس سے سائبر کرمنلز کو اس کے فون اور ذاتی ڈیٹا تک رسائی مل گئی، اس کے فوراً بعد اس کے اکاؤنٹ سے 1 لاکھ 90 ہزار روپے غائب ہو گئے۔

نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق ہنگولی پولیس اسٹیشن اور سائبر سیل میں اس واقعے کا نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایک دوسرے کیس میں مہاراشٹر پولیس نے ایک سائبر فراڈ کے گروہ کو بے نقاب کرتے ہوئے گوا سے 7 افراد کو گرفتار کر لیا۔

یہ گروہ مبینہ طور پر نوکری کے متلاشی افراد کے بینک اکاؤنٹس اور سم کارڈز کو غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے غلط استعمال کر کے دھوکا دیتا تھا۔

پولیس حکام کے مطابق ملزمان نے متاثرہ شخص کو نوکری کی پیشکش کے بہانے جھانسہ دیا، انہوں نے اس کے نام پر ایک بینک اکاؤنٹ کھلوایا اور اس کی پاس بک، اے ٹی ایم کارڈ اور اس سے منسلک سم کارڈ لے اڑے، بعد میں ان چیزوں کو سائبر جرائم میں استعمال کے لیے گوا بھیج دیا گیا۔

یہ فراڈ اس وقت سامنے آیا جب ایک ملازمت کے خواہشمند شخص نے اس بینک سے معلومات حاصل کیں جس میں اس کا اکاؤنٹ کھلوایا گیا تھا اور اسے معلوم ہوا کہ اس کے اکاؤنٹ کو غیر قانونی لین دین کے لیے استعمال کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس طرح کے کم از کم 80 ملازمت کے خواہشمندوں کو اسی طرح دھوکا دیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید
دلچسپ و عجیب سے مزید