حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ سے مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموں کشمیر کُل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان عبد الرشید منہاس نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام پر بھارت کی جانب سے ہندوتوا نظریہ مسلط کیا جانا قابل تشویش ہے۔
انہوں کہا کہ بھارتی حکمران جماعت بی جے پی اور اسکی وزارت داخلہ کے زِیر کنٹرول ریاست کے لیفٹیننٹ گورنر کالے قوانین کا سہارا لے کر محاصرے اور تلاشیوں کی کارروائیوں کے دوران بلا جواز کشمیریوں کو ہراساں کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ترجمان حریت کانفرانس نے مزید کہا کہ بی جے پی حکومت مقبوضہ کشمیر میں پبلک سیفٹی ایکٹ جیسے کالے قوانین کا استعمال کر کے ہر اختلافی آواز کو دبا رہی ہے۔
انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کو یقینی بنانے کے لیے اپنی قراردادوں کے ذریعے تنازع کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کرے۔