• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انڈونیشیا: بلند آواز میں لاؤڈ اسپیکر سے کھڑکیاں پھٹ گئیں، حکومت نے پابندیاں عائد کر دیں

فائل فوٹوز
فائل فوٹوز

انڈونیشیا کے جزیرہ جاوا میں شادیوں اور تقریبات میں استعمال ہونے والے دیوہیکل لاؤڈ اسپیکر ٹاورز عوامی پریشانی اور سماجی تنازع کا باعث بن گئے ہیں، ان کے شور سے ناصرف گھروں کی کھڑکیاں اور دیواریں ٹوٹنے کی شکایات سامنے آئی ہیں بلکہ مقامی حکام اور مذہبی اداروں نے بھی اس پر سخت اقدامات کیے ہیں۔

مشرقی جاوا کے علاقے نگانترو گاؤں کے رہائشی احمد سُلیات نے بتایا کہ دوپہر 1 بجے سے رات 3 بجے تک زور دار آواز میں میوزک بجتا رہتا ہے، لوگ شراب پیتے ہیں اور شور مچاتے ہیں، یہ واقعی بہت پریشان کن ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیواروں میں دراڑیں، چھت کی ٹائلیں گرنے اور دکانوں کو نقصان پہنچنے کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں، اس شور کو مقامی زبان میں ساؤنڈ ہورِگ کہا جاتا ہے جس کا مطلب ہے لرزش یا جھٹکا۔

شدید عوامی ردعمل کے بعد مشرقی جاوا کی حکومت نے نئے قوانین جاری کیے ہیں جس کے تحت آواز کی سطح 120 ڈیسی بیل تک محدود ہوگی، جلوس یا احتجاج میں استعمال ہونے والے موبائل اسپیکرز کی حد 85 ڈیسی بیل رکھی گئی ہے۔ اسکولوں، اسپتالوں اور عبادت گاہوں کے قریب اسپیکرز بجانے پر پابندی عائد ہے۔

مشرقی جاوا کی گورنر خوفیہ اندرا پرواںسا نے کہا کہ یہ فیصلہ صحت اور عوامی سلامتی کے لیے کیا گیا ہے، شور کی سطح کو اس لیے کنٹرول کیا جا رہا ہے تاکہ عوامی امن و سکون میں خلل نہ پڑے۔

 مقامی اسلامی کونسل نے فتویٰ جاری کیا کہ شادیوں، جلوسوں یا دیگر تقریبات میں اتنی زیادہ آواز پیدا کرنا جو دوسروں کو نقصان پہنچائے یا عبادات میں رکاوٹ بنے، حرام ہے۔

فتویٰ میں کہا گیا کہ ضرورت سے زیادہ ساؤنڈ سسٹم کا استعمال، بالخصوص شادی کے جلوس یا دیگر تقریبات میں جو عوام کو تنگ کرے یا عبادات سے غافل کرے، شریعت میں جائز نہیں۔

ماہرین کے مطابق حد سے زیادہ شور دل کے امراض اور سماعت کے مستقل مسائل پیدا کرتا ہے، حال ہی میں ایک خاتون کی موت دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوئی، جو مقامی میڈیا کے مطابق ایک ساؤنڈ ہورگ تقریب میں شریک تھیں۔

عالمی ادارہ صحت (WHO) کے مطابق 85 ڈیسی بیل سے زائد آواز مستقل نقصان پہنچا سکتی ہے جبکہ 120 ڈیسی بیل سے اوپر فوری نقصان کا خطرہ ہوتا ہے، رپورٹس کے مطابق بعض تقریبات میں آواز 130 ڈیسی بیل تک ریکارڈ کی گئی ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید