تامل اور ملیالم فلموں کی اداکارہ لکشمی مینن اور ان کے 3 ساتھیوں پر کیرالہ کے علاقے ارناکلم میں ایک آئی ٹی پروفیشنل کو اغواء کرنے اور تشدد کا نشانہ بنانے کے الزام پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے بتایا ہے کہ اداکارہ لکشمی مینن نے ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے کیرالہ ہائی کورٹ سے رجوع کیا اور انہیں آج اس مقدمے میں ضمانت قبل از گرفتاری مل گئی ہے جبکہ دیگر 3 ملزمان کو گرفتار کر کے عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔
ارناکلم نارتھ پولیس نے بتایا ہے کہ یہ واقعہ اتوار 24 اگست کی رات پیش آیا، جب اداکارہ اور اس کے دوستوں نے مبینہ طور پر ریلوے پل کے قریب متاثرہ شخص کی گاڑی کو روکا، اس سے گالم گلوچ کی اور زبردستی اپنی کار میں ڈالا، مبینہ طور پر گاڑی کے اندر تشدد کا نشانہ بنایا اور اگلے روز پیر کی صبح اسے چھوڑ دیا۔
چاروں افراد کے خلاف اغواء سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
لکشمی مینن تامل اور ملیالم فلموں کی اداکارہ ہیں، جو 19 مئی 1996ء کو کیرالہ میں پیدا ہوئیں، انہوں نے فلموں میں آنے سے پہلے کلاسیکی رقاصہ کے طور پر اپنا کیریئر شروع کیا اور اپنی اداکاری کا آغاز 2011ء کی ملیالم فلم رگھوونتے سوانتھم رازیہ سے کیا، تاہم 2012ء کی تامل فلم سندرا پانڈین میں سسی کمار کے مقابل ان کے اہم کردار نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔
لکشمی مینن نے کئی تامل اور ملیالم فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں، وہ آخری بار رواں برس تامل ہارر تھرلر فلم سبدھم میں نظر آئی تھیں۔