بالی ووڈ اداکارہ پوجا بھٹ نے ممبئی کی سڑکوں کی خراب حالت پر تنقید کی ہے اور گڑھوں سے پیدا ہونے والے خطرات کو اجاگر کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ اور فلم ساز پوجا بھٹ نے ممبئی کی سڑکوں خاص طور پر باندرہ کے علاقے کی بگڑتی ہوئی حالت کے خلاف آواز اٹھائی ہے اور شہر میں گڑھوں کے مسئلے کے پیچھے شہری انتظامیہ کی بے حسی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوجا بھٹ نے مرمت کے نام پر مہینوں تک بڑی سڑکوں کو بند رکھنے اور پھر انہیں گڑھوں سے بھرا چھوڑ دینے پر سوال اٹھایا ہے۔
پوجا بھٹ نے پوچھا ہے کہ ممبئی شہر خاص طور پر اس کا علاقہ باندرہ بہت بری حالت میں ہے، ہر طرف گڑھے ہیں، کیا اسی لیے مرمت کے کام کی آڑ میں زیادہ تر سڑکیں مہینوں تک بند یا بلاک کی گئی تھیں؟ یہ بے حسی کب ختم ہو گی؟
اداکارہ نے ان تبصروں میں مایوس ممبئی والوں کے دل کی بات کہہ دی ہے جس پر بہت سے لوگوں نے ان کے خدشات کی تائید کی ہے اور خاص طور پر جاری مون سون کے موسم کے دوران سڑکوں کی حالت مزید بگڑنے اور موٹر سائیکل سواروں اور پیدل چلنے والوں دونوں کے لیے پڑنے والے گڑھوں سے پیدا ہونے والے خطرات کی نشاندہی کی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے مقامی انتظامیہ کی غلط ترجیحات پر بھی تنقید کی ہے اور فضول خوبصورتی کے منصوبوں کی طرف اشارہ کیا ہے جبکہ سڑکوں اور نکاسیٔ آب جیسی بنیادی سہولتیں نظر انداز ہیں۔
اداکارہ پوجا بھٹ آخری بار بگ باس او ٹی ٹی میں نظر آئی تھیں، وہ ایمزون منی ٹی وی کی ویب سیریز بگ گرلز ڈونٹ کرائے کا بھی حصہ رہی ہیں۔