• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیلر سوئفٹ کی منگنی کا اعلان، ٹرمپ کا لب و لہجہ تبدیل ہوگیا

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

امریکی معروف گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کی اسٹار فٹبالر ٹریوس کیلسی سے منگنی کے اعلان کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا لہجہ تبدیل ہوگیا۔

حالیہ پریس کانفرنس کے دوران امریکی صدر نے اس جوڑی کو منگنی کی مبارکباد دینے کے ساتھ ساتھ مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا، جس نے ہر ایک کو حیرت میں مبتلا کردیا۔

گزشتہ روز ٹیلر سوئفٹ نے بذریعہ سوشل میڈیا فٹبالر ٹریوس کیلسی سے منگنی کی تصدیق کی۔ دریں اثناء کابینہ کے ارکان کی میٹنگ کے دوران ایک صحافی نے سال کی سب سے بڑی پاپ کلچر کی خبر پر امریکی صدر سے ان کے خیالات پوچھے۔

ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی کی منگنی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ٹرمپ نے گلوکارہ کو ’ لاجواب شخصیت‘ قرار دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ میری نیک خواہشات ان کے ساتھ ہیں، میرا خیال ہے ٹریوس کیلسی ایک اچھے انسان اور ایک اچھے کھلاڑی ہیں۔ ٹیلر بھی لاجواب ہیں، اس لیے میں ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 15 ستمبر 2024 کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے ٹیلر سوئفٹ کے خلاف نفرت کا اظہار کیا تھا۔

بعدازاں رواں سال کے آغاز میں انہوں نے ٹیلر سوئفٹ سے متعلق ایک بار پھر تبصرہ کرتے ہوئے یہ بھی کہا تھا کہ کیا کسی نے یہ نوٹ کیا کہ جب سے میں نے ٹیلر کے خلاف نفرت کا اظہار کیا ہے اس وقت سے وہ پُر کشش نہیں رہیں؟

یہاں یہ واضح رہے کہ امریکی صدر کی ٹیلر سوئفٹ کے خلاف نفرت کی وجہ گلوکارہ کا انتخابی مہم کے دوران سابق نائب صدر کملا ہیرس کی توثیق تھی۔

اس سے قبل ٹیلر سوئفٹ نے 2020 کی مہم کے دوران سابق صدر جو بائیڈن کی حمایت کی تھی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید