جنید اکبر نے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، اس کے ساتھ ہی شیخ وقاص اکرم اور ایم این اے علی اصغر نے بھی قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
جنید اکبر نے چیئرمین پی اے سی کے عہدے سے اپنا استعفیٰ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیف وہپ عامر ڈوگر کو بھجوا دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جنید اکبر نے سیاسی کمیٹی کے اعلامیہ کے بعد استعفیٰ پارٹی کو جمع کروایا، سیاسی کمیٹی نے پبلک اکاؤٹس کمیٹی کے چیئرمین کو استعفیٰ دینے کا کہا تھا۔
جنید اکبر نے اپنا استعفیٰ تحریک انصاف کو چیف وہپ کو بھجوانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پی اے سی کی چیئرمین شپ سے استعفیٰ عامر ڈوگر کو جمع کروا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی پالیسی کے مطابق اپنا استعفیٰ چیف وہپ کو جمع کروایا ہے۔
ذرائع قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ ایم این اے علی اصغر نے قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ دے دیا، جو اسپیکر کو موصول ہوگیا۔
مرکزی ترجمان پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ دے دیا، شیخ وقاص نے اپنا استعفیٰ اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوا دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی پارلیمانی کمیٹیوں سے مستعفی ہو جائے، بانی پی ٹی آئی کا پیغام علیمہ خان نے پارٹی کو پہنچا دیا۔
اڈیالہ جیل میں بھائی سے ملاقات کے بعد علیمہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے بونیر اور دیگر علاقوں میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر افسوس کیا ہے۔
علیمہ خان نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کا نہ لینے کا حتمی فیصلہ بانی پی ٹی آئی خود کریں گے۔