بھارت کے شہر بھرت پور میں ایک شہری نے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان اور معروف اداکارہ دپیکا پڈوکون کے خلاف فراڈ کا مقدمہ درج کروا دیا۔
50 سالہ کیرتی سنگھ نے عدالت میں دائر شکایت میں کہا کہ انہوں نے جون 2022ء میں 24 لاکھ روپے میں گاڑی خریدی تھی، مگر گاڑی شروع سے ہی سنگین تکنیکی خرابیوں کا شکار نکلی۔
ان کے مطابق گاڑی اچانک وائبریٹ کرتی ہے، آر پی ایم بڑھ جاتا لیکن اسپیڈ نہیں بڑھتی، اسکرین پر انجن مینجمنٹ سسٹم میلفنکشن کا پیغام آتا، کمپنی کے نمائندوں نے بعد میں یہ خرابی ناقابلِ مرمت مینوفیکچرنگ ڈیفیکٹ قرار دی اور مشورہ دیا کہ ہر بار مسئلہ آنے پر گاڑی کو ایک گھنٹہ 2000 آر پی ایم پر چلائیں۔
کیرتی سنگھ نے الزام لگایا کہ کمپنی نے نقص چھپا کر انہیں دھوکہ دیا، گاڑی تبدیل نہیں کی اور نہ ہی پیسے واپس کیے، جس سے ان کا مالی نقصان ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شاہ رخ خان اور دپیکا پڈوکون نے بطور برانڈ ایمبیسیڈر عوام کو گمراہ کیا، دونوں نے اشتہار میں کام کیا، اس لیے وہ بھی اس دھوکہ دہی کے ذمہ دار ہیں۔
پولیس نے عدالت کے حکم پر سیکشن 420، 406 اور 120B کے تحت ایف آئی آر درج کر لی اور تفتیش شروع کردی۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال بھارتی سپریم کورٹ نے اپنے ایک فیصلے میں قرار دیا تھا کہ مشہور شخصیات اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز بھی ان اشتہارات کے ذمہ دار ہوں گے جن کی وہ ترویج یا حمایت کرتے ہیں، اگر وہ اشتہارات گمراہ کن یا جعلی ثابت ہوں تو ان پر بھی قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔