وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ خوشی ہے ہنرمند افراد کو بیلاروس میں ملازمتوں کے حوالے سے آج مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف سے بیلاروس کے وزیرِ داخلہ نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی ہے جس میں وفاقی وزراء محسن نقوی، چوہدری سالک حسین، وزیرِمملکت طلال چوہدری، عون چوہدری اور متعلقہ حکام شریک ہوئے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بیلاروس کے وزیرِ داخلہ اور وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دوستانہ تعلقات ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہورہے ہیں، میرے دورۂ بیلاروس کے دوران کئی شعبوں میں تعاون کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے، ہم بیلاروس کے صدر کے پاکستان کے دورے کے منتظر ہیں۔
اس موقع پر بیلاروس کے وزیرِ داخلہ نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ زراعت، صنعت اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ ہنرمند پاکستانیوں کو بیلاروس بھجوانے کے حوالے سے آج مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے، اب ہنر مند پاکستانیوں کو بیلاروس بھجوانے کا عمل باقاعدہ شروع ہوجائے گا، بیلاروس پاکستانی ہنر مند افراد کو میڈیکل سمیت سماجی تحفظ کی دیگر سہولتیں بھی فراہم کرے گا۔