کراچی (اسٹاف رپورٹر)سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ جب تک پیپلز پارٹی ہے سندھ اسمبلی صوبے کی تقسیم کی قرارداد پاس نہیں کر سکتی، کچھ عناصر سوچی سمجھی سازش کے تحت پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کے خلاف مہم چلا رہے ہیں، سندھ کا سب سے زیادہ بجٹ کراچی میں خرچ ہوتا ہے، پنجاب میں حالیہ سیلاب سے صورتحال سنگین ہے، عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ اگر پنجاب حکومت کو کسی قسم کی مدد درکار ہو تو سندھ حکومت حاضر ہے، کراچی میں حالیہ بارش سے شہریوں کو چند گھنٹے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، مگر بعض مخصوص میڈیا ہاؤسز نے اس پر غیر معمولی مہم جوئی کی، شاہراہ بھٹو کا وہ حصہ جو ابھی کھلا نہیں، وہاں کچھ ایشوز ہیں جو ٹھیک ہو جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو سنیئر وزیر شرجیل میمن جام صادق برج پر پہنچے، جہاں انہوں نے یلو لائن بی آر ٹی منصوبے کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔