• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار نایاب بلڈ مون کا مشاہدہ کب ہوگا؟

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

محکمہ موسمیات کے مطابق ملکی تاریخ میں پہلی بار بلڈ مون نظر آئے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ستمبر کے اولین عشرے میں دنیا کے مختلف ممالک میں بسنے والے 88 فیصد لوگ نایاب چاند گرہن کا دلفریب نظارہ کریں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مکمل چاند گرہن 7 اور 8 ستمبر 2025 کی درمیانی رات کو لگے گا۔ اس دوران چاند کا رنگ سرخ ہوجائے گا اور اسے ’بلڈ مون‘ کہا جاتا ہے۔

محکمہ موسیمات کے مطابق سرخ چاند (بلڈ مون) کا خوبصورت نظارہ پہلی بار ملک بھر میں بھی دکھائی دے گا۔

یہ گرہن 7 ستمبر کی شب 8 بجکر 28 منٹ پر شروع ہوگا اور رات 1 بج کر 55 منٹ تک برقرار رہے گا۔ اس طرح یہ چاند گرہن 5 گھنٹے 27 منٹ تک جاری رہے گا، جو اسے دہائی کے طویل ترین گرہن میں سے ایک بنائے گا۔ اس دوران 82 منٹ تک مکمل گرہن ہوگا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان، آسٹریلیا، بھارت، وسطی ایشیا، روس کے مختلف علاقوں، جاپان اور مشرقی افریقا میں اس چاند کا مکمل نظارہ کیا جاسکے گا۔

اس کے علاوہ یورپ، ایشیا، مشرقی آسٹریلیا، افریقا اور نیوزی لینڈ میں بیشتر مکمل چاند گرہن کی بجائے جزوی گرہن کو دیکھیں گے جبکہ امریکا میں رہنے والے لوگ اس چاند کا نظارہ نہیں کرسکے گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ ستمبر 2025 کا نایاب گرہن اس دہائی کے سب سے زیادہ نظر آنے والے مکمل چاند گرہن میں سے ایک ہوگا جو دیکھنے والوں کے لیے ایک نادر موقع ہوگا۔

اس سے قبل 2025 کا پہلا چاند گرہن 14 مارچ کو لگا تھا، جو پاکستان میں دکھائی نہیں دیا تھا کیونکہ گرہن کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق صبح 9 بجے کے قریب ہوا اور اختتام سہ پہر 3 بجے ہوا تھا۔

قومی خبریں سے مزید