• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹینس اسٹار کا بچے کو دیا گیا کیپ چھیننے والا شخص شدید تنقید کی زد میں

یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں ٹینس اسٹار کی جانب سے ننھے مداح کو دیا جانے والا کیپ ایک شخص نے چھین لیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

نیو یارک میں یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے ایک میچ کے دوران پولینڈ کے ٹینس کھلاڑی کمیل ماجچزاک (Kamil Majchrzak) کی جانب سے ایک ننھے مداح کو دیا جانے والا کیپ ایک شخص نے چھین کر اپنی بیوی کے بیگ میں ڈال دیا۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ماجچزاک نے نویں سیڈ کھلاڑی کیرن خاچانوف کو پانچ سیٹوں کے سنسنی خیز مقابلے میں شکست دی اور شائقین کو آٹوگراف دے رہے تھے۔

لائیو براڈ کاسٹ میں دکھایا گیا کہ کھلاڑی نے اپنی کیپ ایک بچے کی طرف بڑھائی لیکن پاس کھڑا ایک شخص فوراً اسے لپک لیا۔

بچے نے غصے میں کہا: "آپ کیا کر رہے ہیں؟" مگر وہ شخص نظرانداز کرتے ہوئے کیپ بیگ میں چھپا گیا اور مزید آٹوگراف کے لیے بوتل آگے بڑھا دی۔

ابتدائی طور پر ماجچزاک کو اس واقعے کا علم نہیں ہوا، لیکن اگلے روز انہوں نے سوشل میڈیا پر متاثرہ بچے کو تلاش کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے لکھا کہ ان کے پاس مداحوں کے لیے کافی کیپس موجود ہیں اور وہ بچے کو نیا تحفہ دینا چاہتے ہیں۔ 

بعد ازاں ٹینس اسٹار نے تصدیق کی کہ بچہ تلاش کر لیا گیا ہے اور انہوں نے "انٹرنیٹ کی طاقت" پر خوشی کا اظہار کیا۔

اس واقعے نے سوشل میڈیا پر شدید ردعمل پیدا کیا۔ صارفین کی جانب سے بچے سے کیپ چھیننے والے شخص کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید