• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بندوں اور نہری نظام کی کڑی نگرانی کی جائے، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے دریائے سندھ میں متوقع سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر مقرر کردہ وزراء سے رابطہ کیا اور انہیں ہدایت دی کہ دریائے سندھ کے دائیں اور بائیں کناروں کے بندوں اور نہری نظام کی کڑی نگرانی کی جائے۔ وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کو وزیر آبپاشی جام خان شورو نے دریائی صورتحال پر بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ گڈو بیراج پر آج دوپہر 12 بجے اپ اسٹریم پانی کا بہاؤ 383299 اور ڈاؤن اسٹریم 350943 کیوسکس ریکارڈ کیا گیا۔ سکھر بیراج پر اپ اسٹریم 313000 اور ڈاؤن اسٹریم 259050 کیوسکس جبکہ کوٹری بیراج پر اپ اسٹریم 264131 اور ڈاؤن اسٹریم 233216 کیوسکس ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہ کیا گیا کہ بیراجز کی موجودہ صورتحال قابو میں ہے اور تمام حفاظتی اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ اس موقع پر سید مراد علی شاہ نے متعلقہ محکموں اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ فیلڈ میں مکمل طور پر متحرک رہیں جبکہ وزراء تمام اقدامات کی براہِ راست نگرانی کرتے رہیں۔ وزراء نے وزیراعلیٰ کو یقین دلایا کہ بیراجز اور بندوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے وزراء دریا پر موجود ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے دریا کے کناروں اور کچے کے علاقوں میں رہنے والے افراد سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ان کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

اہم خبریں سے مزید