اسلام آباد ( نیوز رپورٹر)صدر مملکت آصف علی زرداری نے شنگھائی تعاون تنظیم کو اعتماد، مساوات اور خوشحالی کا مشترکہ وژن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قلیل عرصے میں ایس سی او دنیا کی سب سے بڑی علاقائی تنظیم اور ایک مضبوط تناور درخت بن چکا ہے جو امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لئے کوشاں ہے،ہمیں غربت،ماحولیاتی تبدیلیوں اور عدم مساوات کے خلاف مشترکہ کوششیں کرنا ہونگی ،ایس سی او کے جغرافیائی تسلسل نے ہمیں تاریخی موقع دیا ہے کہ ہم معاشی روابط کے لیے مل کر کام کریں، ہمیں غربت،ماحولیاتی تبدیلیوں اور عدم مساوات کے خلاف مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔پاکستان اور چین آہنی بھائی ہیں ہمارے مثالی تعلقات سے دیگر ممالک رشک کرتے ہیں،سی پیک ہماری دوستی کا مظہر اور پاکستان کی معاشی ترقی کی علامت بن گیا ہے۔پاکستان چین کے وژن کی بھرپور تائید کرتا ہے کہ ایس سی او کے پرچم تلے ’’شنگھائی اسپرٹ‘‘ کو فروغ دیا جائے، شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے موقع پر چائنہ ڈیلی میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں صدر مملکت نےچین کے اپنے گزشتہ کئی عشروں پر محیط دوروں کو یاد کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں ہمیشہ چین کو اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہوں۔