اسلام آباد (خصوصی نمائندہ)وفاقی حکومت نے نیویارک میں واقع روز ویلٹ ہوٹل کی نجکاری کیلئے آئندہ ماہ (ستمبر) کے وسط تک فنانشل ایڈوائزر کی تقرری کا عمل مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی حکومت نے روزویلٹ ہوٹل نیویارک کی نجکاری کے حوالے سے نئے فنانشل ایڈوئزر کی تقرری کیلئے خواہشمند پارٹیوں سے درخواستیں طلب کررکھی ہیں اور اس کیلئے 2 ستمبر کی ڈیڈ لائن مقرر کی ہے جو کہ اگلے چند میں ختم ہوجائے گی۔دستاویز میں بتایا گیا کہ 2 ستمبر تک ٹینیکل اور فنانشل تجاویز جمع کروانا ہونگی اس کے بعد ستمبر کے وسط تک نیویارک میں واقع روز ویلٹ ہوٹل کی نجکاری کیلئے فنانشل ایڈوائزر کی تقرری کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ نئے تعینات ہونے والے فنانشل ایڈوائزر روز ویلٹ ہوٹل نیو یارک کی نجکاری کے حوالے سے کئے جانے والے پچھلے ڈیو ڈیلیجنس اور ٹرانزیکشن اسٹرکچر رپورٹس کا جائزہ لے کر نظر ثانی کریں گے پچھلی رپورٹس کا جائزہ مکمل ہونے کے بعد روزویلٹ ہوٹل نیویارک کی نجکاری کیلئے مارکیٹنگ کا عمل شروع کیا جائے گا۔