اسلام آباد ( طاہر خلیل )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی سے ملاقات میں ا پاک-بھارت کشیدگی میں سعودی عرب کے کردار پر تشکر کا اظہار کیا ہے،بھکاری مافیا کیخلاف زیر و ٹالرنس پالیسی پر زور دیا گیا۔ محسن نقوی کے ڈپلومیٹک انکلیو سعودی سفارت خانے پہنچنے پر سعودی سفیر نےان کا خیر مقدم کیا۔وزیرداخلہ نے کہا پاک بھارت کشیدگی میں مخلصانہ، برادرانہ اور موثر کردار پر سعودی حکومت کے ممنون ہیں۔ نواف بن سعید احمد المالکی نے کہا کہ پاکستان کیساتھ تعلقات نہایت اہمیت کے حامل ہیں،محسن نقوی نے سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی سے ملاقات کے دوران کہا کہ سعودی عرب جاکر بھیک مانگنے والے مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے اور پاکستان نے بھکاری مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی ہے۔اس موقع پر سعودی سفیر نے کہا کہ پاکستان ہمارا برادر دوست ملک ہے، سعودی عرب پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ جنگ ہو یا امن، سعودی عرب نے ہر موقع پر پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے جب کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات ہر آزمائش پر پورا اترے ہیں۔