• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

EOBI؛ 5 لاکھ پنشنرز کو اضافی پنشن بمعہ بقایاجات کل ادا کریگا، وفاقی وزیر

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ)وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی و ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ، چوہدری سالک حسین نے اعلان کیا ہے کہ ملازمین کی پرانی عمر کے فوائد کے ادارے (ای او بی آئی) کے تقریباً پانچ لاکھ پنشنرز کو ان کی بڑھائی گئی پنشن بمعہ بقایاجات یکم ستمبر 2025 کو ادا کی جائے گی اس سلسلے میں، ای او بی آئی ماہانہ پنشن کی ادائیگیوں کے تحت تقریباً 10 ارب روپے تقسیم کرے گا۔وفاقی کابینہ نے ای او بی آئی پنشن میں اضافہ کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت کم از کم پنشن 10,000 روپے سے بڑھا کر 11,500 روپے ماہانہ کر دی گئی ہے، جبکہ فارمولا پر مبنی پنشنز میں 15 فیصد اضافہ بھی شامل ہے، جو یکم جنوری 2025 سے مؤثر ہوگا۔ اس فیصلے کے نتیجے میں طویل عرصہ خدمات انجام دینے والے پنشنرز اب 30,000 روپے ماہانہ سے زائد پنشن بھی حاصل کر سکیں گے۔وزیر نے مزید بتایا کہ ای او بی آئی کے دائرہ کار کو وسیع کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے وفاقی کابینہ نے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو غیر رسمی، گھریلو اور زرعی شعبے کے کارکنوں کو ای او بی آئی کی پنشن کی سہولت میں شامل کرنے کے لیے سفارشات تیار کر کے پیش کرے گی۔حکومت کے عزم کو دہراتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ محنت کش طبقے کی فلاح و سماجی تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، آئین پاکستان کے آرٹیکل 38(سی) کے مطابق ریاست پر لازم ہے کہ وہ تمام شہریوں کو سماجی تحفظ فراہم کرے۔

اہم خبریں سے مزید