امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی صحت سے متعلق گردش کرتی افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی زندگی میں کبھی بہتر محسوس نہیں کیا۔
گزشتہ دنوں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ’ٹرمپ اِز ڈیڈ‘ کے ہیش ٹیگ کے ٹرینڈ کرنے کے بعد صدر ٹرمپ نے اپنی صحت سے متعلق وضاحت دی ہے۔
یاد رہے کہ صدر ٹرمپ کی صحت سے متعلق سوشل میڈیا پر بحث اس وقت شروع ہوئی جب تجزیہ کار ڈی سی ڈرینو نے ایک پوسٹ میں کہا کہ میڈیا ڈونلڈ ٹرمپ اور سابق صدر، جو بائیڈن کے درمیان دوہرے معیار اپناتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرے مطابق جو بائیڈن کئی کئی دن منظرِ عام سے غائب رہتے تھے اور میڈیا پھر بھی انہیں ’تیز‘ اور ’بہترین کارکردگی‘ کا حامل قرار دیتا رہا جبکہ صدر ٹرمپ معمولی وقفہ لیں تو میڈیا شور مچا دیتا ہے۔
اس بیان پر ڈونلڈ ٹرمپ نے ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ ’میں نے زندگی میں کبھی بہتر محسوس نہیں کیا۔‘
ٹرمپ نے اپنے بیان میں یہ دعویٰ بھی کیا کہ واشنگٹن ڈی سی اب ’جرم سے پاک علاقہ‘ بن چکا ہے۔
واضح رہے کہ ٹرمپ کی صحت کے حوالے سے امریکی عوام میں مختلف خدشات پائے جاتے ہیں۔
ان خدشات نے اس وقت جنم لیا تھا جب رواں سال کے آغاز میں ڈونلڈ ٹرمپ کے ہاتھ پر نمایاں نیلا نشان دیکھا گیا۔
بعد ازاں ان کی ہتھیلی پر بھی کچھ نشانات ظاہر ہوئے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ کے ہاتھوں پر ظاہر ہونے والے ان نشانات کو اکثر میک اپ سے چھپانے کی کوشش بھی کی جاتی رہی ہے۔