راولپنڈی(سٹاف رپورٹر ) آرپی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا سے میلاد النبیؐ کے حوالے سے راولپنڈی کینٹ و سٹی کی میلاد و امن کمیٹی کے ارکان نے ملاقات کی ،ملاقات کرنے والوں میں حافظ اقبال رضوی ناظم اعلیٰ مرکزی جلوس کمیٹی ، حافظ محمد آفتاب جنرل سیکرٹری مرکزی سیرت کمیٹی، محمد عثمان غنی ناظم اعلیٰ راولپنڈی ڈویژن ، حاجی ظفر اقبال صدر مرکزی جلوس میلاد کمیٹی کینٹ ،قاضی محمد شکور الہٰی ، غلام علی خان وائس چیئرمین میلاد کمیٹی و دیگر شامل تھے، اس دوران تمام شرکاء نے فرداََ فرداََبات چیت کرتے ہوئے میلاد النبیؐ کے موقع پر اپنا بھر پور کردار ادا کرنے کی یقین دہا نی کروائی ، اس موقع پر آرپی اوراولپنڈی بابر سرفراز الپا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی ڈویژن میں امن و امان کے داعی علماء کرام ہیں ، محرم الحرام کی طرح ربیع الاول کے موقع پربھی علماء کرام امن وا مان کے قیام کے لیے اپنا تعمیر ی کردار ادا کریں ،اس کے لیے ضروری ہے کہ آپس میں باہمی تعاون اور روابط کو قائم رکھیں ، انہوں نے کہاکہ ربیع الاول کے جلوسوں کے حوالے سے ایس او پیز پر عملدآمدکو یقینی بنا یا جائے اور منتظمین اس بات کا خیال رکھیں کہ وہ وقت کی پابندی کرتے ہوئے مقرر کردہ روٹس کی پابندی کوبھی یقینی بنائیں ۔