بالی ووڈ اداکارہ بھاگیہ شری نے انکشاف کیا ہے کہ فلم ’میں نے پیار کیا‘ کے سیٹ پر سلمان خان ہمیشہ میرا بہت خیال رکھتے تھے اور ہمالیہ ڈاسانی سے شادی کے دوران میرے گھر والوں کے بجائے صرف سلمان خان میرے ساتھ کھڑے رہے تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی وڈ اداکارہ بھاگیہ شری نے سلمان خان کے ساتھ فلم 1989ء کی فلم ’میں نے پیار کیا‘ سے شاندار ڈیبیو کیا تھا، اسکرین پر ان کی کیمسٹری نے فلم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا اور انہیں راتوں رات اسٹار بنا دیا، تاہم انہوں نے جلد ہی شادی کرنے کے لیے شوبز کو چھوڑ دیا۔
بھارتی میڈیا کو انٹرویو میں بھاگیہ شری نے سلمان خان کے ساتھ اپنے تعلق پر کھل کر بات کی اور انکشاف کیا کہ جب میری شادی ہوئی تو سلمان خان کے علاوہ میرے خاندان کی طرف سے کوئی بھی موجود نہیں تھا۔
اداکارہ نے بتایا کہ میرے لیے سلمان ایک ایسے شخص تھے جنہوں نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا، وہ بہت خیال رکھنے والے تھے، سلمان میں کام کے حوالے سے جس قسم کا جنون دیکھا ہے، میرا خیال ہے شاید ہی آج کے نوجوان ستارے اس قسم کے جنون کا تجربہ کر پائیں گے، جو میرے خیال میں راجیش کھنہ کے دور جیسا تھا۔
بھاگیہ شری کے والدین نے ہمالیہ ڈاسانی سے ان کی شادی پر اعتراض کیا تھا، اس لیے جوڑے نے بھاگ کر شادی کی تھی اور یہ شادی ایک نجی تقریب بن گئی تھی، پھر بھی سلمان خان اس موقع پر مضبوطی سے ان کے ساتھ کھڑے رہے تھے۔
بھاگیہ شری نے یاد کرتے ہوئے بتایا کہ جب میں نے شادی کا فیصلہ کیا تو میری طرف سے کوئی نہیں تھا اور سلمان شروع سے آخر تک وہاں موجود تھے اور وہ اس تقریب سے جانے والے آخری شخص تھے، مجھے ان سے اس کی امید نہیں تھی، وہ ایک بہت شرارتی لڑکے تھے، لیکن بہت پیارے بھی تھے۔
بھاگیہ شری اور ہمالیہ 1989ء میں ان کے بالی وڈ ڈیبیو کی بلاک بسٹر کامیابی کے فوراً بعد شادی کے بندھن میں بندھ گئے تھے، اب اس جوڑے کے 2 بچے ابھیمنیو ڈاسانی اور اونتیکا ڈاسانی ہیں اور دونوں ہی اداکاری کی دنیا میں آ چکے ہیں۔
بھاگیہ شری اب رتیش دیش مکھ کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم راجہ شیواجی میں نظر آئیں گی، فلم میں سنجے دت، ابھیشیک بچن، جینیلیا دیش مکھ، مہیش منجریکر اور فردین خان بھی شامل ہیں، جس کے یکم مئی 2026ء کو ریلیز ہونے کا امکان ہے۔
دوسری جانب سلمان خان اس وقت ’بگ باس19‘ کی میزبانی کر رہے ہیں اور اگلی بار اپوروا لاکھیا کی فلم ’بیٹل آف گلوان‘ میں نظر آئیں گے، جو 2020ء میں بھارت اور چین کے درمیان گلوان وادی کے تنازع پر مبنی اور زیرِ تکمیل ہے۔