ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ ہیئر اسٹائلنگ کے دوران گاڑیوں سے بھی زیادہ فضائی آلودگی پیدا ہو سکتی ہے۔
پرڈیو یونیورسٹی کی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ 300 ڈگری فارن ہائیٹ سے زیادہ درجہ حرارت پر ہیئر اسٹائلنگ ٹولز کے ساتھ ہیئر کیئر پروڈکٹس کا استعمال فضا میں ٹریفک سے بھی زیادہ نینو پارٹیکلز پیدا کرسکتا ہے۔
اس تحقیق کی سربراہی لائلز اسکول آف سول اینڈ کنسٹرکشن انجینئرنگ کی اسسٹنٹ پروفیسر نصرت جنگ اور ان کے پی ایچ ڈی کے طالب علم جیانگھوئی لیوئن نے کی۔
یہ تحقیق خاص طور پر ڈیزائن کی گئی ایک چھوٹی سی لیب میں کی گئی۔
شائع ہونے والی اس تحقیق کے مطابق ہیئر اسٹائلنگ کے دوران فضا میں بہت چھوٹے چھوٹے 500 نینو میٹر کے ذرات پیدا ہوتے ہیں جو انسانی بالوں سے بھی 200 گنا چھوٹے ہوتے ہیں۔
تحقیق کے نتائج میں مزید بتایا گیا ہے کہ یہ چھوٹے ذرات پھیپھڑوں کی گہرائی میں داخل ہو کر صحت کی خرابی کا باعث بن سکتے ہیں۔