• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہاکی کا کھلاڑی 400 روپے ڈیلی الاؤنس پر نہیں کھیلے گا: رانا مجاہد

رانا مجاہد—فائل فوٹو
رانا مجاہد—فائل فوٹو

ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل رانا مجاہد نے کہا ہے کہ ہاکی کا کھلاڑی 400 روپے ڈیلی الاؤنس پر نہیں کھیلے گا۔

’جیو نیوز‘ سے خصوصی گفتگو میں رانا مجاہد نے کہا ہے کہ اسپورٹس بورڈ کہتا ہے ہاکی کے کھلاڑی کو 400 روپے کا ڈیلی الاؤنس دو، اس پر پلیئر کیسے کھیلے گا؟

انہوں نے کہا کہ ہاکی فیڈریشن 100 ڈالرز کے قریب کھلاڑی کو الاؤنس دیتی ہے، جس پر پلیئر مطمئن نہیں، فیڈریشن کے پاس تو اپنا اسٹیڈیم تک نہیں۔

سیکریٹری جنرل نے یہ بھی کہا کہ ہاکی فیڈریشن کا بیرونِ ملک دورے پر بِل ادا نہ کرنا غلط ہے، ایک بار بِل ادا نہ کرنے کا مسئلہ ہوا تھا لیکن روٹین میں ایسا نہیں ہوتا۔

اُن کا کہنا تھا کہ اسپورٹس بورڈ سمجھتی ہے کہ ہاکی فیڈریشن کے مالی معاملات ٹھیک نہیں جبکہ فیڈریشن مالی معاملات کو اپنے قانون کے مطابق دیکھتی ہے۔

رانا مجاہد نے کہا کہ ہاکی فیڈریشن اور پاکستان اسپورٹس بورڈ بیٹھ کر مالی معاملات کو دیکھیں گے، فیڈریشن کے پاس صرف قومی ٹیم ہے، جسے دوروں پر بھیجا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہاکی فیڈریشن اپنی حیثیت سے بڑھ کر کام کر رہی ہے، پرائیویٹ اسپانسر شپ کے ساتھ حکومت پیسے دے گی تو ہاکی فیڈریشن چلے گی۔

سیکریٹری جنرل نے کہا کہ کھلاڑیوں کو منتیں کر کے واپس لائے ہیں، ڈپارٹمنٹس ختم ہو رہے تو کیسے کھلاڑی اپنا گزر بسر کریں گے۔

اُن کا کہنا ہے کہ پرو لیگ میں قومی ہاکی ٹیم بھرپور تیاری کے ساتھ جائے گی، پرو لیگ میں ٹاپ ٹین ٹیمیں ہوں گی، پاکستان کا چیمپئن ہونا مشکل ہے لیکن اچھے رزلٹس لیں گے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید