سندھ ہائی کورٹ میں سندھ پبلک سروس کمیشن (ایس پی ایس سی) کے تحت اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) کی بھرتیوں کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔
دورانِ سماعت وکیل نواز ڈاہری نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار نے سندھ پبلک سروس کمیشن کے ذریعے اے ایس آئی کے عہدے کے لیے خواتین کے کوٹے پر اپلائی کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ درخواست گزار نے تحریری امتحان میں کامیابی حاصل کی اور میرٹ لسٹ پر 9ویں نمبر تھیں لیکن درخواست گزار سے کم نمبر لینے والی اُمیدوار کو نوکری دے دی گئی۔
وکیل درخواست گزار نے عدالت سے درخواست کی کہ درخواست گزار کی جگہ کسی اور کو نوکری دینے کا عمل کالعدم قرار دیا جائے۔
عدالت نے چیف سیکریٹری سندھ، چیئرمین سندھ پبلک سروس کمیشن، آئی جی سندھ و دیگر کو نوٹس جاری کردیا۔
سندھ ہائی کورٹ نے فریقین سے چار ہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔