بھارتی ریاست ہریانہ کے شہر فرید آباد میں ایئرکنڈیشنز کا کمپریسر پھٹنے سے ایک ہی خاندان کے 3 افراد ہلاک ہوگئے، حادثے میں ان کا پالتو کتا بھی مرگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ گزشتہ رات فرید آباد میں پیش آیا، جہاں ایئر کنڈیشنر کے کمپریسر میں دھماکے کے باعث ایک ہی خاندان کے 3 افراد اور ان کا پالتو کتا ہلاک ہوگیا۔
مرنے والوں میں سچن کپور، ان کی اہلیہ رنکو کپور اور بیٹی سُجن کپور شامل تھیں۔ واقعہ رات تقریباً ڈیڑھ بجے چار منزلہ عمارت کی پہلی منزل پر پیش آیا۔
دھماکے کے بعد اُٹھنے والے دھوئیں نے دوسری منزل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جہاں کپور فیملی سو رہی تھی۔ پہلی منزل پر اس وقت کوئی مقیم نہیں تھا، فیملی کے افراد دھوئیں کے باعث دم گھٹنے سے جان سے گئے، جبکہ ان کا بیٹا، جو دوسرے کمرے میں سو رہا تھا، کھڑکی سے کود کر جان بچانے میں کامیاب ہوا۔ تاہم اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
سچن کپور کے پڑوسی نے بتایا کہ وہ زور دار دھماکے کی آواز سن کر بیدار ہوئے اور فوراً دیگر رہائشیوں کو نکالنے میں مدد کی۔
ان کے مطابق عمارت کی تیسری منزل کو سچن کپور دفتر کے طور پر استعمال کرتے تھے، جبکہ چوتھی منزل پر 7 افراد کا ایک اور خاندان رہائش پذیر تھا۔