ملیالم فلموں کی معروف اداکارہ نویا نائر کو آسٹریلیا میں جیسمین (چمبیلی) کے پھول لے جانے پر ایک لاکھ 14 ہزار بھارتی روپے کا جرمانہ ادا کرنا پڑا۔
بھارتی اداکارہ آسٹریلیا میں ایک تقریب میں شرکت کیلئے پہنچی تھیں، میلبورن ایئرپورٹ پر سیکیورٹی اہلکاروں نے ان کے بیگ میں 15 سینٹی میٹر لمبے جیسمین کے گجرے برآمد کیے۔
آسٹریلیا میں پھول اور پودے لے جانا سختی سے منع ہے، اسی لیے ان پر جرمانہ عائد کیا گیا۔
اداکارہ نے ایک تقریب میں بتایا کہ یہ پھول ان کے والد نے ان کے لیے خریدا تھا۔ انہوں نے آدھا سفر میں پہننے کے لیے دیا اور باقی آدھا بیگ میں رکھنے کو کہا تاکہ سنگاپور سے میلبورن کے سفر کے دوران وہ پہن سکیں۔
نویا نائر نے کہا کہ یہ میری لاعلمی میں کی گئی غلطی تھی۔ قانون قانون ہوتا ہے، مجھے یہ جرمانہ 28 دن میں ادا کرنا ہوگا۔
نویا نائر دو بار کی کیرالا اسٹیٹ فلم ایوارڈ یافتہ ہیں اور 2001 میں انہوں نے فلم اشٹم سے ڈیبیو کیا تھا۔