بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار اور میزبان شیکھر سمن نے انکشاف کیا ہے کہ بیٹے آیوش کی موت کے بعد شدید ڈپریشن کا شکار ہوا، جینے کی خواہش تک نہیں تھی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر 62 سالہ شیکھر سمن نے برسوں بعد اپنے خاندان کو درپیش جذباتی صدمے پر کھل کر بات کی۔
انہوں نے کہا کہ 1995ء میں 11 سال کی عمر میں انتقال کرنے والے بیٹے کو دل کی بیماری ای ایم ایف لاحق تھی۔
بھارتی اداکار نے مزید کہا کہ ڈاکٹروں نے بیٹے کے صرف 8 ماہ زندہ رہنے کی پیشگوئی کی تھی لیکن 4 سال تک وہ ہمارے درمیان رہا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ آیوش کی موت کے بعد میں اور اہلیہ الکا شدید ڈپریشن میں چلے گئے تھے، اُس وقت جینے کا دل نہیں چاہتا تھا۔
شیکھر سمن کا کہنا تھا کہ وقت گزرنے کے باوجود یہ زخم آج بھی گہرا ہے، چھوٹے بیٹے ادھیاین سمن نے اس مشکل وقت میں حوصلہ اور سہارے کا کام کیا۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک پرانی خاندانی تصویر شیئر کی، جس میں وہ اُن کی اہلیہ اور بیٹا موجود ہے۔