بالی ووڈ کے سینئر اداکار اور معروف ایکشن ہیرو سنجے دت نے جیل میں اپنی قید کے زمانے کا تذکرہ کرتے ہوئے وہاں دہرے قتل کے مجرم سے ہونے والی مڈ بھیڑ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس نے میری گردن پر استرا رکھ دیا تھا۔
بھارتی ٹیلیویژن کے دی گریٹ انڈین کپل شو میں سنیل شیٹی کے ساتھ شریک 66 سالہ سنجے دت نے مذکورہ بالا خوفناک تجربہ شیئر کیا، ان کے مطابق سالوں گزرنے کے باوجود وہ اب بھی اس واقعہ کے بارے میں سوچ کر ہل جاتے ہیں۔
سنجے کے مطابق جیل حکام نے انکی بڑھی ہوئی داڑھی کٹوانے کے لیے ایک دوسرے قیدی کو ذمہ داری دی جو کہ دہرے قتل کا مجرم تھا۔ سنجے نے کہا مشرا نامی یہ قیدی استرا میرے گلے کے قریب لایا، تو میں نے ایسے ہی اس سے پوچھا کہ وہ کتنے عرصے سے جیل میں ہے، اس نے کہا 15 سال ہوگئے، جب میں نے پوچھا کس جرم میں تو وہ بولا دہرے قتل پر۔
یہ سن کر میرے جسم میں جھرجھری سے ہوئی۔ میں نے فوری طور پر اس کا ہاتھ پکڑا اور اسے روک دیا، کیونکہ ایک دہرے قتل کے مجرم کے ہاتھ میں استرا تھا۔
یاد رہے کہ سنجے دت 1993 میں ممبئی دھماکوں کے کیس سے منسلک غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں 5 سال کی سزا ہوئی اور وہ پونا کے یروادہ جیل میں رہے۔ انھیں اچھے رویے اور جیل میں مثبت کاموں پر قبل ازوقت رہا کیا گیا، وہ جیل میں ساتھی قیدیوں کے لیے ایک ریڈیو شو بھی کیا کرتے تھے۔
خوفزدہ کرنے والی ان یادوں کے باوجود سنجے نے شو میں اپنے ماضی پر کسی پچھتاوے کا اظہار نہیں کیا البتہ انہوں نے صرف اپنے مرنیوالے والدین کو یاد کیا۔