کراچی میں ڈینگی کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
محکمۂ صحت کے مطابق گزشتہ7 روز کے دوران شہر میں ڈینگی کے 23 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
محکمۂ صحت کے مطابق رواں سال اب تک صرف کراچی میں 420 افراد ڈینگی سے متاثر ہوچکے ہیں۔
ترجمان محکمۂ صحت کے مطابق رواں سال کے دوران جنوری میں 85، فروری میں 53، مارچ میں 27، اپریل میں 38، مئی، جون اور جولائی کے دوران مجموعی طور پر 120 جبکہ اگست میں ڈینگی کے 74 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق سندھ بھر میں رواں سال ڈینگی کے 489 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں سے دو مریض انتقال کر چکے ہیں۔
محکمۂ صحت کا کہنا ہے کہ شہری احتیاطی تدابیر اپنائیں اور مچھر سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات کو ہرگز نظر انداز نہ کریں۔