بہاولنگر میں چک لالیکا کے قریب سیلاب متاثرین کی کشتی الٹ گئی، جس میں سوار 20 افراد کو بچا لیا گیا، 2 افراد اب بھی لاپتا ہیں۔
جنوبی پنجاب سیلاب سے بری طرح متاثر ہے، متاثرین سیلاب جان بچانے کیلئے کشتیوں میں سوار ہو کر محفوظ مقامات پر منتقل ہو رہے ہیں۔ 2 دن میں کشتی الٹنے کے چار مختلف واقعات میں اب تک 8 افراد جاں بحق جبکہ 67 افراد کو بچا لیا گیا لاہتہ افراد کیلئِے ریسکیوآپریشن جاری ہے۔
جلال پور پیر والا میں گذشتہ رات کشتی ڈوبنے کا واقعہ ہوا جس میں 19 افراد سوار تھے 18 افراد کو بچا لیا گیا، لاپتا ہونے والی ایک بچی کی لاش آج صبح مل گئی، جلال پور پیر والا کے علاقہ موضع ماہانہ سندیلہ میں کشتی الٹنے کے ایک اور واقعے میں کشتی میں سوار 28 افراد میں سے 19 کو بچا لیا گیا، ڈوبنے والے 5 افراد کی کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں، 4 لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے۔
مظفر گڑھ کی تحصیل علی پور کے علاقےلتی ماڑی میں کشتی الٹنے سے ڈوبنے والے دس افراد کو بچالیا گیا، ایک اور واقعے میں بہاولنگر میں دریائے ستلج چک لالیکا کے قریب کشتی الٹنے سے ڈوبنے والے 20 افراد کو ریسکیو ٹیم نے بچالیا، لاپتا دو افراد کی تلاش جاری ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ریسکیو حکام کو گمشدہ 2 افراد کو جلد تلاش کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو ہائی الرٹ رہنے اور صوبوں سے تعاون جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی۔