• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئرلینڈ نے موسیقی مقابلے میں اسرائیل کی شرکت پر بائیکاٹ کی دھمکی دے دی

آئرلینڈ نے اسرائیل کی شمولیت کی صورت میں یورو ویژن 2026 کے بائیکاٹ کی دھمکی دے دی۔

یورو ویژن یورپ کا موسیقی کا سب سے بڑا مقابلہ ہے۔ آئرش براڈ کاسٹر (آر ٹی ای) نے دو ٹوک انداز میں کہا ہے کہ اسرائیل آیا تو آئرلینڈ یورو ویژن میں حصہ نہیں لے گا۔

آئرلینڈ کے سرکاری نشریاتی ادارے آر ٹی ای نے اعلان کیا ہے کہ اگر اگلے سال کے یورو ویژن سونگ کانٹیسٹ میں اسرائیل شریک ہوا تو آئرلینڈ اس مقابلے کا حصہ نہیں بنے گا۔

آئرلینڈ غزہ میں انسانی جانوں کے زیاں، صحافیوں کے قتل اور اطلاعات کی پابندیوں کے باعث اس شرکت کو ’’غیر اخلاقی‘‘ سمجھتا ہے۔

آر ٹی ای اس فیصلے پر پہنچنے والا دوسرا ادارہ ہے، اس سے قبل سلووینیا کا نشریاتی ادارہ آر ٹی وی ایس ایل او بھی اعلان کرچکا ہے کہ وہ صرف اسرائیل کی غیر موجودگی میں شرکت کرے گا۔

اسپین کے وزیر ثقافت نے بھی کہا ہے کہ ان کے ملک کو اسرائیل کے ساتھ مقابلے میں شریک نہیں ہونا چاہیے، جبکہ وزیراعظم نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کو بھی اسی طرح یورو ویژن سے خارج کیا جائے جیسے روس کو یوکرین جنگ کے بعد کیا گیا۔

خیال رہے کہ موسیقی کا یہ بین الاقوامی مقابلہ یورو ویژن 1956 سے ہر سال منعقد ہورہا ہے، یورو ویژن اگلے سال مئی میں ویانا میں منعقد ہوگا جسے دنیا کا دوسرا سب سے بڑا ٹی وی ایونٹ کہا جاتا ہے، جس کے ناظرین کی تعداد 160 ملین سے زائد ہے۔

یورپی براڈکاسٹنگ یونین (ای بی یو) نے اراکین کے خدشات پر مشاورت کا عمل شروع کر دیا ہے اور اسرائیل کی شمولیت پر ووٹنگ کے امکان کو بھی زیرِ غور رکھا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید