• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کچھ شرارتی لوگ معاملات خراب کرتے ہیں: مرتضیٰ وہاب

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ کچھ شرارتی لوگ معاملات خراب کرتے ہیں۔ عدالتوں سے درخواست کروں گا کہ معاملات میں دخل نہیں دینا چاہیے۔ 

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو جواب دے سکتا ہوں، میں جواب نہیں دینا چاہتا تھا لیکن اب دوں گا یہ حلفیہ جھوٹ بولتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیوکراچی 7000 روڈ کے نالے پر 1200 دکانیں اور تعمیرات ہیں، نالہ وبال جان ہے اور اس کا توڑنا ناگزیر ہے، توڑنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو ایم کیو ایم کے لوگ پریس کانفرنس کرتے ہیں۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے لوگوں کے کہنے پر تمام متعلقہ افراد کو بلایا، جماعت اسلامی، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم تمام نے فیصلہ کیا کہ کارروائی ناگزیر ہے، گورنر جاتے ہیں اور پھر اسٹے آرڈر ہو جاتا ہے۔

میئر کراچی نے کہا کہ سندھی ہوٹل پر تباہی ہے، عدالت سے اسٹے آرڈر لیا ہوا ہے اور گندے ہم ہوتے ہیں، منافق نہیں ہوں کہ کہوں اختیارات نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہیموفیلیا کا مفت علاج بلدیہ عظمیٰ کے اسپتالوں میں شروع کیا ہے، پاکستان ہیموفیلیا سوسائٹی کا شکر گزار ہوں، مریضوں کی قوت علاج نہ ہونے کی وجہ سے ہم نے 6 ماہ قبل پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے لیے بات کی، 4 ماہ قبل ہیموفیلیا کے مفت علاج کے لیے مردانہ وارڈ کا افتتاح کیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج ہیموفیلیا کے مرض میں مبتلا خواتین کے وارڈ کا افتتاح کر دیا ہے، لاڑکانہ سے لوگ علاج کرانے آرہے ہیں، زیرِ علاج مریضوں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے، عباسی شہید اسپتال میں ہیموفیلیا کے مفت ٹیسٹ کا بندوبست بھی کریں گے۔

مرتضیٰ وہاب کا یہ بھی کہنا تھا کہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو فرشتہ سمجھتا ہوں، پیرا میڈیکل اسٹاف کے تمام واجبات ادا کر چکے ہیں اور جائز تمام مطالبات پورے کروں گا، ڈاکٹروں کو دونوں ہاتھوں سے سلام کرتا ہوں۔

قومی خبریں سے مزید