مدینہ منورہ کے رہائشی اور زائرین اس وقت حیران رہ گئے جب مسجد نبویﷺ کے آسمان پر شعلہ دکھائی دیا، سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوگئی۔
مسجد نبویﷺ کے قریب رہائشیوں اور زائرین نے آسمان پر ایک زوردار دھماکے کے بعد میزائل نما چیز کے دکھائی دینے کی اطلاع دی، جس کی مختلف ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کے مطابق جمعرات کی صبح طلوع آفتاب سے کچھ دیر قبل ایک زور دار دھماکے کی آواز سنائی دی جس کے ساتھ ہی آسمان پر میزائل دکھائی دیے۔
سوشل میڈیا پر اس واقعے کی ویڈیوز وائرل ہوئی تو یہ دعوے سامنے آنے لگے کہ یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق تقریباً صبح کے 5 بجکر 43 منٹ پر پیش آیا۔ ویڈیو میں دکھائی دینے والا میزائل یمن کی جانب سے اسرائیل پر داغا گیا تھا تاہم اسے سعودی حدود میں آنے پر سعودی عرب نے ناکارہ بنا دیا۔
اس حوالے سے سعودی حکام کی جانب سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔ تاہم حرمین الشریفین سے متعلق اپ ڈیٹس دینے والے آفیشل پیج کی جانب سے عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری پیغام میں کہا گیا کہ ہم جمعرات کی صبح تقریباً 5 بجکر 43 منٹ پر مسجد نبویﷺ کے قریب پیش آنے والے واقعے سے آگاہ ہیں، جس کے دوران ایک زوردار دھماکے کی آواز سنی گئی اور کچھ مناظر بھی دکھائی دیے۔
اس میں مزید کہا گیا کہ ہم سب سے گزارش کرتے ہیں کہ قیاس آرائیوں سے گریز کریں اور سرکاری ذرائع سے تصدیق شدہ معلومات جاری ہونے کا انتظار کریں۔