بالی ووڈ اداکارہ دیشا پٹانی کے والد نے گھر پر فائرنگ کے واقعے کی وجہ بیٹی کی ایک سوشل میڈیا ویڈیو کو قرار دیا ہے۔
گزشتہ روز اداکارہ دیشا پٹانی کے گھر کے باہر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کی ذمہ داری روہت گودارا اور گولڈی برار گینگ نے قبول کی، اداکارہ کی بہن کو سبق سکھانے کی دھمکی بھی دی تھی۔
اس حوالے سے اداکارہ دیشا پٹانی اور ان کی بہن خوشبو پٹانی کے والد نے میڈیا کو بتایا کہ خوشبو کے ایک سوشل میڈیا پیغام کو غلط طور پر پیش کیا گیا، جسے ایک ہندو مذہبی پیشوا سے منسوب کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ جولائی میں خوشبو پٹانی نے انیرودھاچاریہ کی لڑکیوں سے متعلق کہی گئی بات سے اختلاف کرتے ہوئے ان پر تنقید کی تھی۔ تاہم ان کی اس بات کا مقصد لوگوں نے ہندو مذہبی پیشواؤں پر تنقید سمجھا تھا، جس کے بعد ان کے گھر پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔
دیشا پٹانی کے والد نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ خوشبو کی بات کو غلط پیش کیا گیا، ان کا نام جس معاملے سے جوڑا گیا وہ غلط تھا، ہم مذہبی رہنماؤں کا احترام کرتے ہیں، میری بیٹی کی بات کو غلط انداز میں پیش کیا گیا۔
ایک انٹرویو میں انھوں نے آزادی اظہارِ رائے کی بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر انیرودھاچاریہ نے خواتین کے بارے میں کوئی رائے دی تو خوشبو نے بھی اپنی رائے ظاہر کی، اس معاملے کو بڑھا چڑھا کر تنازعہ نہیں بنانا چاہیے۔