بنگلادیش کی جہانگیر نگر یونیورسٹی کے طلبہ یونین انتخابات میں اسلامی چھاترو شبر بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگئی۔
جہانگیر نگر یونیورسٹی کے طلبہ یونین انتخابات میں اسلامی چھاترو شبر کے حمایت یافتہ پینل نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی، کل 25 مرکزی عہدوں میں سے 20 اس پینل کے حصے میں آئے۔
انتخابی نتائج کے مطابق جہانگیر نگر یونیورسٹی سینٹرل اسٹوڈنٹس یونین (جسکو) کے انتخابات میں اسلامی چھاترو شبر کے حمایت یافتہ پینل نے 20 نشستوں پر کامیابی حاصل کی، جبکہ 3 نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں، جن کے حصے میں نائب صدر، اسپورٹس سیکریٹری اور کلچرل افیئرز سیکریٹری کے عہدے کی نشستیں آئی ہیں۔
جہانگیر نگر یونیورسٹی سینٹرل اسٹوڈنٹس یونین کے جنرل سیکریٹری اسلامی چھاترو شبر کے حمایت یافتہ مظہر الاسلام 3930 ووٹوں کے ساتھ کامیاب ہوئے، جبکہ ان کے حریف ابو توحید نے 1238 ووٹ حاصل کیے۔
اسسٹنٹ جنرل سیکرٹری مرد کی نشست پر شبر کے امیدوار فردوس الاحسن نے 2,358 ووٹ حاصل کیے، جبکہ اسی عہدے پر خواتین کی نشست پر عائشہ صدیقہ 3 ہزار 402 ووٹ لیکر کامیاب ہوئی ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ڈھاکا یونیورسٹی میں ہونے والے طلبہ یونین انتخابات میں پہلی مرتبہ بنگلادیش اسلامی چھاترو شبر کے حمایت یافتہ پینل نے کلین سوئپ کیا۔
انتخابات میں صادق قائم نائب صدر، ایس ایم فرہاد جنرل سیکرٹری اور محی الدین خان اسسٹنٹ جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے۔