بنگلادیش کی جہانگیر نگر یونیورسٹی میں اسٹوڈنٹس یونین کے انتخابات کے دوران خاتون پروفیسر جنت الفردوس دوران ڈیوٹی انتقال کرگئیں، وہ پولنگ آفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسلسل تھکن اور پولنگ ایجنٹس کی غیر موجودگی کے باعث ووٹوں کی گنتی صبح تک جا پہنچی تھی، جمعہ کی صبح پریتی لاتا ہال کی گنتی ہونی تھی۔
یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق جنت الفردوس ساتھیوں کے ہمراہ پرانے رجسٹرار بلڈنگ کے سینیٹ ہال پہنچیں تو داخلی دروازے پر گر پڑیں، انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔
جنت الفردوس نے 2016 میں بی ایف اے اور 2018 میں ایم ایف اے فائن آرٹس (پینٹنگ ڈسپلن) کی ڈگری جہانگیر نگر یونیورسٹی سے مکمل کی تھی۔
خیال رہے کہ بنگلادیش میں طلبہ یونین کے الیکشن ہورہے ہیں، جس کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔
جہانگیر نگر یونیورسٹی سینٹرل اسٹوڈنٹس یونین (جسکو) کے انتخابات یونیورسٹی میں طلبہ کی قیادت کے انتخاب اور ان کے مسائل کے حل کرنے کے لیے کروائے جاتے ہیں۔