• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ: ’لرننگ فیسٹا پڑھو پاکستان‘ کا انعقاد

—جنگ فوٹو
—جنگ فوٹو

پاکستان ہائی کمیشن لندن نے ادارۂ تعلیم و آگہی (آئی ٹی اے) کے اشتراک سے لرننگ فیسٹا، پڑھو پاکستان کا انعقاد کیا۔

ڈپٹی ہائی کمشنر حسیب بن عزیز نے اپنے خطاب میں پاکستان میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے حکومتی اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے آئی ٹی اے کی کوششوں کو سراہا۔

تقریب کا آغاز چیئر آئی ٹی اے برطانیہ و سی ای او پی 3 کنیکٹ یو کے نائلہ میر اور سی ای او آئی ٹی اے پاکستان بیلا رضا جمیل کے ابتدائی کلمات سے ہوا، چیئر آئی ٹی اے پاکستان کاظم سعید نے خصوصی پیغام شرکاء تک پہنچایا۔

اس موقع پر شارلٹ ڈنکن ڈپٹی ہیڈ گرلز ایجوکیشن، برطانیہ کے دفترِ خارجہ و ترقیاتی امور (ایف سی ڈی او) نے برطانیہ کی جانب سے پاکستان میں لڑکیوں کی تعلیم اور شمولیتی تعلیمی منصوبوں کی حمایت کا اعادہ کیا۔

تقریب میں یونیورسٹی آف کیمبرج کے سینئر پرو وائس چانسلر پروفیسر کمال اے منیر نے ڈاکٹر عارف نوید ایجوکیشن پرائز کا اعلان کیا۔

ڈاکٹر کیرولائن ہارپر سی بی ای (سی ای او سائٹ سیورز) نے کلیدی خطاب بعنوان ’سب کے لیے تعلیم: پیش رفت اور چیلنجز‘ پیش کیا۔

معروف برطانوی نژاد پاکستانی شاعر و مصنف حسین مناورو نے دل کو چھو لینے والی شاعری کے ساتھ مرکزی سیشن کا آغاز کیا، اس کے بعد ریڈ الاؤڈ اسٹوری ٹیلنگ، میکر آرٹس، سائنس و ٹیکنالوجی (ایس ٹی ای ایم)، مصنوعی ذہانت و ایجو ٹیک، ابتدائی تعلیم میں شمولیت اور سماجی انصاف پر تحقیق جیسے موضوعات پر خصوصی سیشنز منعقد ہوئے۔

ڈاکٹر ایلسن بکسٹن اور سمن قرنی نے ڈیجیٹل اسٹوری ٹیلنگ پر متحرک سیشن پیش کیا جبکہ ڈاکٹر جولیا ہیز کی لائیو ڈرائنگ اور پاکستانی آرٹسٹ فوزیہ من اللّٰہ خان اور شاہدہ احمد کے فن پاروں کی نمائش نے تقریب کو مزید رنگین بنا دیا۔

برطانیہ و یورپ سے مزید