بریڈفورڈ میں یوم دفاع اور معرکۂ حق کی مناسبت سے شاندار تقریب کا انعقاد ہوا، جس میں چیئرمین اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن سید قمر رضا کے اعزاز میں پروقار ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا، جس کے میزبان پیپلز پارٹی برطانیہ کے انفارمیشن سیکریٹری زاہد مغل (ستارۂ امتیاز) تھے۔
تقریب میں رکنِ برطانوی پارلیمنٹ عمران حسین، بریڈفورڈ کے لارڈ میئر کونسلر محمد شفیق، قونصل جنرل آف پاکستان بریڈ فورڈ زاہد احمد جتوئی، ڈپٹی قونصل جنرل سرفراز احمد سمیت کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
چیئرمین او پی ایف سید قمر رضا نے اپنے خطاب میں 1965ء کی جنگ کے شہداء اور غازیوں اور معرکۂ حق میں شاندار کامیابی پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان کی لازوال قربانیوں کی بدولت آج پاکستان دنیا کے نقشے پر سر اٹھا کر کھڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر کے بعد معرکۂ حق نے ہمیں اتحاد، ایثار اور وطن سے محبت کے جذبے کی یاد تازہ کر دی ہے، آج پوری دنیا میں پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے، یہ دن اس عہد کی تجدید ہے کہ پاکستان سب سے پہلے ہے، اوورسیز پاکستانی وطنِ عزیز کا قیمتی سرمایہ ہیں، جنہوں نے ہمیشہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل اور سہولتوں کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
رکنِ پارلیمنٹ عمران حسین نے کہا کہ ہمیں ناصرف پاکستان کے ساتھ اپنا رشتہ مضبوط رکھنا ہے بلکہ مسئلہ کشمیر کو بھی بھرپور انداز میں اجاگر کرنا ہوگا۔
محمد نعیم عباسی نے کہا کہ سید قمر رضا نے اوورسیز کمیونٹی کو سبز ہلالی پرچم کے سائے تلے یکجا کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
زاہد مغل نے کہا کہ پاکستانیت کا مطلب یہی ہے کہ ہماری سوچ اور ترجیح ہمیشہ پاکستان ہو، افواجِ پاکستان کی قربانیوں کی بدولت ہی وطن محفوظ ہے۔
لارڈ میئر کونسلر محمد شفیق نے کہا کہ بریڈفورڈ کے لوگ پاکستان سے بے پناہ محبت کرتے ہیں اور ہمیں اپنی ثقافت اور مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے کردار ادا کرنا ہو گا۔
قونصل جنرل زاہد احمد جتوئی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی جہاں بھی رہتے ہیں، پاکستان کے روشن اور مثبت امیج کے سفیر ہیں۔
تقریب میں میڈیا اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات کو ایوارڈز اور تعریفی اسناد پیش کی گئیں، پروگرام کا اختتام وطنِ عزیز کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا پر ہوا، جس کے بعد شرکاء کی ضیافت ظہرانے پر کی گئی۔
شرکائے تقریب نے اس پروگرام کو پاکستانیت کے جذبے کو تازہ کرنے والا قرار دیا اور کہا کہ ایسی تقریبات بیرونِ ملک کمیونٹی کو اپنی جڑوں سے جوڑنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔